شہباز شریف اختلافات پھر سر اٹھانے لگے بلاول
اسحاق ڈار کی بلاول سے ملاقات ،تنازعات پرپی پی اور حکومتی کمیٹیوں کی ملاقاتوں پراتفاق ،پیپلز پارٹی کو صرف کرپشن کرنا آتی : ایم کیو ایم ، پرامن اور روشنیوں کے شہر کراچی کو دہشت گردی میں دھکیلنے والی جماعت کس منہ سے کراچی کے مسائل پر بات کرسکتی ہے : سعید غنی کا جواب
اسلام آباد(بیورو رپورٹ،خصوصی رپورٹ)پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات ختم ہونے کے بجائے پھر سراٹھانے لگے،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں لفظی جنگ شروع ہو گئی، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ،وزیراعلی بلوچستان سرفرازبگٹی اورگورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقاتیں کیں ۔تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے درمیان تنازعات کے حل کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی اور حکومتی کمیٹیوں کی ملاقاتوں پر اتفاق کیا گیا۔راجہ پرویز اشرف، فیصل کریم کنڈی اور سرفراز بگٹی بھی ملاقات میں موجود تھے۔قبل ازیں گورنر فیصل کنڈی نے بلاول بھٹو سے ملاقات میں پشاور میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق بریفنگ دی اوربتایاکہ اے پی سی میں خیبرپختونخوا کی 16 جماعتیں شریک تھیں جبکہ پی ٹی آئی نے قیام امن اور صوبائی وسائل کے وفاق سے تنازع کے حوالے سے ہونے والی اے پی سی کا بائیکاٹ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پشاور میں ہونے والی تاریخی آل پارٹیز کانفرنس ایک اہم قدم ہے، میں خیبرپختونخوا کے وسائل اور صوبے میں قیام امن کیلئے آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے بلاول بھٹوسے ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق بریفنگ دی۔پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں لفظی جنگ شروع ہو گئی، ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگا دیے۔ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق پیپلز پارٹی کی بدترین جبری حکمرانی نے کراچی کو پانی کی بوند بوند کے لیے ترسا دیا۔ پیپلزپارٹی نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سمیت شہر کے تمام اداروں کو تباہ کردیا ہے۔ موسم سرما میں بھی پانی کی قلت باعث حیرت اور سندھ حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ پیپلز پارٹی کو صرف کرپشن کرنا آتی ہے، جو پورے صوبے میں زور و شور سے بلاناغہ جاری ہے۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے ایم کیو ایم کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے اداروں کی تباہی کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے۔ پرامن اور روشنیوں کے شہر کراچی کو دہشت گردی میں دھکیلنے والی ایم کیو ایم کس منہ سے کراچی کے مسائل پر بات کرسکتی ہے۔علاوہ ازیں سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر عبدالوسیم نے سعید غنی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اندرونی انتشار کا شکار پیپلزپارٹی رہنما کا بیان کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے۔