لفظی جنگ کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا مل کر مسائل حل کرنے پر اتفاق

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کی اہم ملاقات سپیکر کے چیمبر میں ہوئی‘ایازصادق‘اسحاق ڈار‘رانا ثناء‘اعظم نذیر تارڑ‘طارق فضل ‘نوید قمر‘اعجاز جاکھرانی شریک ہوئے
ہمارے کسی کارکن،  عہدیدار، رہنما نے پنجاب پر تنقید یا سوشل میڈیا پرلکھا ہے تو ثبوت دیں‘ اگرثبوت نہیں تو مریم نواز اپنے بیان واپس لیں:پی پی رہنمائوں کا مطالبہ
اسلام آباد(آئی این پی)ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کا افہام و تفہیم سے تمام مسائل حل کرنے پر اتفاق ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ، ملاقات پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر چیمبر میں ہوئی،ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنااللہ، اعظم نذیر تارڑ، طارق فضل چودھری اور رانا مبشر نے شرکت کی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی نمائندگی نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی نے کی اور پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے بعض بیانات پرتحفظات کا اظہار کیا جس پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے افہام و تفہیم سے تمام مسائل حل کرنے پر اتفاق کیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے پیپلزپارٹی کے وفد نے ملاقات کی، پیپلزپارٹی کا موقف تھا کہ ہمارے کسی لیڈر، کارکن نے پنجاب سے متعلق کوئی متنازعہ گفتگو نہیں کی۔پی پی رہنماووں نے کہا کہ ہمارے کسی کارکن، پارٹی عہدیدار، رہنما نے پنجاب پر تنقید یا سوشل میڈیا پرلکھا ہے تو ثبوت دیں۔ اگرثبوت نہیں تو مریم نواز اپنے بیان واپس لیں۔