پنجاب، کے پی،کشمیر میں وقفے وقفے سے بارشیں ہونگی:محکمہ موسمیات
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک اور سرد ،پنجاب کے چند میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح /رات کو دْھند چھائیرہنے کاامکان ہے جبکہ 3سے 4روز بعدبارشوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگا ۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر عرفان ورک نے بتایا دسمبر میں ملک میں وقفے وقفے سے بارشوں کے3 سپیل متوقع ہیں، 3سے 4روز بعد بارشیں شروع ہونگی۔شمال مشرقی و جنوبی پنجاب سمیت اسلام آباد ، راولپنڈی ،خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان،کشمیر میں بادل برسیں گے، بارشوں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ رواں ماہ کے وسط میں بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہوگا۔دسمبر کے آخر میں بھی بارش کی توقع ہے۔اس وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک سردی کا راج ہے، دوسری جانب بارشیں نہ ہونے پر نومبر کوگرم ترین مہینہ قرار دیا گیا ہے۔بارشیں نہ ہونے سیسموگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ کم سیکم درجہ حرارت سکردو منفی 7 ، استور منفی 5 اور گلگت میں منفی 4ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔