ترمیم شدہ ٹریفک قوانین سے آگاہی کیلئے مہم میں تیزی لائی جائے ایس ایچ اوز مسائل کی شنوائی یقینی بنائیں، آئی جی
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز اور خدمت مراکز کی مجموعی کارکردگی، دیکھ بھال اور طے شدہ پروٹوکولز پر عملدر آمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی فواد الدین ریاض، اے آئی جی کمپلینٹس احمد محی الدین موجود تھے جبکہ آر پی او شیخوپورہ ڈی آئی جی اطہر اسماعیل امجد اور ڈپٹی کمانڈنٹ پی سی سید محمد امین بخاری نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ آئی جی پنجاب نے شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب کے پولیس سٹیشنز اور خدمت مراکز میں مینٹینس، صفائی ستھرائی اور ساز و سامان کی بہتر دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سٹیشنز اور خدمت مراکز میں آئی ٹی سسٹمز مکمل طور پر فنکشنل ہوں، عملے کی بائیومیٹرک حاضری یقینی بنائی جائے اور ریکارڈ کو محفوظ رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ دوپہر 3 بجے سے 5 بجے تک لازمی طور پر تھانوں میں موجود رہیں اور شہری سائلین کے مسائل سن کر ان کا بروقت حل یقینی بنائیں۔اجلاس میں ٹریفک لائسنسنگ اینڈ ڈرائیونگ سنٹرز میں شہریوں کے لیے سہولیات مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شہریوں کو ترمیم شدہ ٹریفک قوانین سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے مہم میں تیزی لائی جائے تاکہ قوانین پر عملدر آمد کو مثر بنایا جا سکے۔