پنجاب بھر میں ریسکیو 1122 نے 2 لاکھ 34 ہزار 91 ایمرجنسیز پر رسپانس دیا ، اجلاس میں بریفنگ
لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ریسکیو 1122) ڈاکٹر رضوان نصیر نے ستمبر 2026 کے دوران پنجاب بھر میں پیش آنے والے 41,472 روڈ ٹریفک حادثات میں 330 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع، 21,528 افراد کے شدید زخمی ہو کر مستقل معذوری کا شکار ہونے، 1,473 آگ لگنے کے واقعات اور 143 ڈوبنے کے حادثات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروسز (ریسکیو 1122) نے ستمبر 2026 کے دوران پنجاب بھر میں 2 لاکھ 34 ہزار 91 ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے 2 لاکھ 35 ہزار 750 متاثرین کو ریسکیو سروسز فراہم کیں۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے ان خیالات کا اظہار ستمبر 2026 کے لیے پنجاب کے تمام اضلاع کی ایمرجنسی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔ وہ گزشتہ روز منعقد ہونے والے ماہانہ آپریشنل کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں ڈائریکٹرز ایمرجنسی سروسز، مختلف ونگز کے سربراہان اور صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے شرکت کی، جبکہ تمام ضلعی ایمرجنسی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام ضلعی ایمرجنسی افسران نے ستمبر 2026 کے دوران اپنے اپنے اضلاع کی آپریشنل کارکردگی کے حوالے سے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی، جس میں اہم ایمرجنسیز، رسپانس اور آپریشنل چیلنجز پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ہیڈ آف آپریشنز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے گزشتہ ماہ ستمبر کے دوران 234,091 ایمرجنسیز پر بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں، جن میں سب سے زیادہ 56,529 روڈ ایکسیڈنٹ اور ٹراما کی ایمرجنسیز تھیں۔اس کے علاوہ 43,669 دل کے امراض، 35,681 معدہ و نظامِ ہاضمہ، 20,396 سانس کی بیماریوں، 17,829 اعصابی امراض، 14,972 بخار، 8,685 امراضِ نسواں و زچگی، 8,077 مثانے کے امراض، 5,756 نفسیاتی امراض، 5,525 شوگر، 4,679 جرائم کی ایمرجنسی کالز، 4,600 ریڑھ اور جوڑوں کے درد، 457 الرجی کی ایمرجنسیز جبکہ 6,986 آگ لگنے اور ریسکیو سے متعلق ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں۔ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں گزشتہ ماہ کے دوران 41,472 روڈ ٹریفک حادثات میں 330 افراد جاں بحق ہوئے۔ ان ٹریفک حادثات میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے زیادہ 7,430 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 8,093 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ ملتان میں 2,827 حادثات پیش آئے، جن میں 3,286 موٹر سائیکلیں، جبکہ فیصل آباد میں 2,560 حادثات میں 2,823 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔سی طرح گوجرانوالہ میں 1,937 حادثات میں 2,108 موٹر سائیکلیں جبکہ راولپنڈی میں 1,587 حادثات میں 1,603 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ سب سے کم حادثات تونسہ شریف میں رپورٹ ہوئے، جہاں 125 حادثات میں 136 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔