توشہ خانہ 2 کیس: بشری بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری، ضامن کو نوٹس

مسلسل غیر حاضری پر کیوں نہ مچلکے ضبط کرلئے جائیں، ضامن بھی 9دسمبر کو  پیش ہوں:عدالت
 راولپنڈی(آئی این پی )توشہ خانہ ٹو کیس میں عدم پیشی پر  بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے، عدالت نے ضامن کو بھی نوٹس جاری کردیا۔اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند کے روبرو بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی  کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس میں پبلک پراسیکیوٹر سید ذولفقار  عباس نقوی بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا جب کہ بشری بی بی کی مسلسل 10 سماعتوں میں غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔بعد ازاں عدالت نے بشری بی بی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔