حمزہ نذر پر پی سی بی کا سخت ایکشن، دو سال کی معطلی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ

حمزہ نذر پر پی سی بی کا سخت ایکشن، دو سال کی معطلی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں دو سال کے لیے تمام ملکی اور بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیوں سے معطل کر دیا ہے، جبکہ ان پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ ڈسپلنری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ حمزہ نذر نے غیر ملکی ویزا درخواست جمع کراتے وقت بعض اہم حقائق چھپائے اور گمراہ کن معلومات فراہم کیں، جو پی سی بی کے ضابطہ اخلاق اور پیشہ ورانہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔اس معاملے کی تحقیقات کے لیے قائم تین رکنی انکوائری کمیٹی نے تمام دستیاب شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا اور حمزہ نذر کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع بھی فراہم کیا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کیں، جن کی بنیاد پر ڈسپلنری کمیٹی نے دو سالہ معطلی اور مالی جرمانے کی سزا سنائی۔پی سی بی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ کی ساکھ اور بین الاقوامی وقار کو برقرار رکھنے کے لیے ہر کھلاڑی پر لازم ہے کہ وہ مکمل دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ تمام دستاویزی کارروائیاں انجام دے۔

 بورڈ کے مطابق غلط بیانی، حقائق چھپانا یا گمراہ کن معلومات فراہم کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسے معاملات میں مستقبل میں بھی زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔کرکٹ ماہرین کے مطابق دو سالہ معطلی حمزہ نذر کے کیریئر کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اس دوران وہ کسی بھی ملکی یا بین الاقوامی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ یہ فیصلہ دیگر کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ناگزیر ہوگی۔