لاہور میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے دیہاڑی دار اور کم آمدن والے افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار رہنے کے باعث شہریوں کو گھریلو اخراجات پورے کرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔مارکیٹ میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں 490 سے 690 روپے فی کلوگرام تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ چاول بھی 320 سے 580 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کھانے پینے کی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے۔اس کے علاوہ مصالحہ جات اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی مسلسل بلند سطح پر موجود ہیں، جس کے باعث کم آمدن والے طبقے کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی لا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں عام شہری کو سب سے زیادہ مشکلات روزمرہ اخراجات پورے کرنے میں پیش آ رہی ہیں۔