بھارتی شہر ناگپور کی پولیس نے ممبئی کے رہائشی 20 سالہ بی بی اے کے طالب علم نرمیہ مادھو پکھارے کو 12ویں جماعت کی طالبہ کو مبینہ طور پر اغواء کرنے، تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔۔
ملزم نے انسٹاگرام پر جعلی نام سے لڑکی سے دوستی کی، پھر اسے بلیک میل کیا اور دھمکی دی کہ اگر تعلق برقرار نہ رکھا گیا تو وہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کر دے گا۔دو دن قبل لڑکی کے 20 گھنٹے سے زیادہ گھر نہ پہنچنے اور فون بند ہونے پر والدین نے اغواء کا مقدمہ درج کروایا۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد لڑکی کو ناگپور کے ڈیگھوری علاقے سے آزاد کروایا، جہاں اس کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے اور اس کے قبضے سے چاقو بھی برآمد ہوا۔ لڑکی کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم کا سراغ انسٹاگرام چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی مدد سے لگایا اور اسے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا ہے۔ اس کے موبائل فون، انسٹاگرام اکاؤنٹ اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا فرانزک جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔یہ واقعہ والدین اور معاشرے کے لیے ایک یاد دہانی ہے کہ آن لائن دنیا میں احتیاط برتنی بہت ضروری ہے، اور بچوں کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات کرنے چاہییں۔