امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس اسلحے اور گولہ بارود کا وافر ذخیرہ موجود ہے، جبکہ اس حوالے سے گمراہ کن خبریں پھیلانے یا حساس معلومات افشا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دفاعی پیداوار میں تیزی سے اضافہ کر رہا ہے اور ملک کے پاس ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ٹرمپ کا یہ بیان ان خبروں کے بعد سامنے آیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی اسلحے کے ذخائر پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔انہوں نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حساس معلومات لیک کرنے یا اس بارے میں گمراہ کن خبریں پھیلانے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اور خبردار کیا کہ اگر کسی نے خفیہ معلومات افشا کیں تو اسے جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔دوسری جانب بعض میڈیا رپورٹس اور دفاعی تجزیہ کاروں نے حالیہ مہینوں میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طویل فوجی کارروائیوں کے باعث بعض جدید ہتھیاروں کے ذخائر پر دباؤ آیا ہے، تاہم ٹرمپ انتظامیہ مسلسل اس تاثر کو مسترد کرتی رہی ہے۔