غزہ میں فوجی کارروائیاں اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی، اسرائیلی آرمی چیف

غزہ میں فوجی کارروائیاں اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی، اسرائیلی آرمی چیف

اسرائیل کے آرمی چیف ایال ضمیر نے کہا ہے کہ غزہ میں فوجی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک اسرائیلی فوج اپنے مقررہ اہداف حاصل نہیں کر لیتی۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے غزہ کے دورے کے دوران کہا کہ فوج نے حماس کی عسکری صلاحیت کو نمایاں نقصان پہنچایا ہے اور علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال کو اپنے حق میں تبدیل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج مستقبل میں بھی پیشگی کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ ممکنہ خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے اور اسرائیلی شہریوں سمیت سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔آرمی چیف کے مطابق اسرائیلی فورسز حماس کے عسکری ونگ کے ان ارکان کی تلاش اور تعاقب بھی جاری رکھیں گی جن پر 7 اکتوبر کے حملوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ سے متعلق سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں غزہ کے لیے امن کوششوں کے سلسلے میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات میں حماس کو غیر مسلح کرنے اور غزہ کا انتظام ایک شہری حکومت کے سپرد کرنے سے متعلق تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق مذاکرات کے دوران اسرائیل پر زور دیا گیا تھا کہ معاہدے میں پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے غزہ میں فوجی کارروائیاں روک دی جائیں، تاہم اسرائیلی فوجی قیادت نے واضح کر دیا ہے کہ موجودہ حالات میں آپریشنز بدستور جاری رہیں گے۔