ایرانی آرمی چیف محمد باقری اسرائیلی حملے میں شہید، ایران کے متعدد شہروں میں تباہ کن فضائی کارروائیاں

 ایرانی آرمی چیف محمد باقری اسرائیلی حملے میں شہید، ایران کے متعدد شہروں میں تباہ کن فضائی کارروائیاں

ویب ڈیسک:ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں خطرناک موڑ اس وقت آیا جب اسرائیلی فضائی حملے میں ایرانی آرمی چیف جنرل محمد باقری کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی۔

 ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حملے گزشتہ رات مختلف شہروں میں کیے گئے جن میں اہم فوجی تنصیبات اور پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔

 حملوں کی تفصیل:
اسرائیلی طیاروں نے ایران کے تہران، قم، تبریز، اصفہان، ارومیہ، مراغہ اور اہواز جیسے اہم شہروں میں فضائی کارروائیاں کیں، جن کے دوران زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور کئی علاقوں سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔

 اعلیٰ قیادت اور سائنسدان نشانہ:
رپورٹس کے مطابق حملوں میں نہ صرف جنرل محمد باقری شہید ہوئے بلکہ پاسداران انقلاب کے اعلیٰ کمانڈر اور جوہری سائنسدان بھی جان کی بازی ہار گئے۔حملوں کا ہدف ایران کی جوہری تنصیبات، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز اور فوجی قیادت کی رہائش گاہیں تھیں۔

 اسرائیلی دعویٰ:
اسرائیل نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی پیشگی دفاعی اقدام کے طور پر کی گئی تاکہ ایران کی مبینہ منصوبہ بندی کو روکا جا سکے۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے اعلان کیا کہ ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

 ایران کا ردعمل:
ایران کے اعلیٰ حکام اور سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کو سخت جواب دیا جائے گا۔ ایرانی قیادت کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے "سرزمین پر جرم" کیا ہے اور اب اسے اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

خطے کی صورتحال:
اس خطرناک پیش رفت کے بعد خطے میں جنگ کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔