بیت المقدس کے کسی حصے پر اسرائیل کی خودمختاری کو قطعاً تسلیم نہیں کیا جائے گا‘ پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھے گا
غزہ میں انسانی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے‘ لاکھوں شہری پانی، خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں:نائب وزیراعظم کا کانفرنس سے خطاب
عمان (آن لائن) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، مسجد اقصیٰ میں انتہا پسند اسرائیلیوں کی دراندازی قابل مذمت ہے۔ بیت المقدس کے کسی حصے پر اسرائیل کی خود مختاری کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔عمان میں فلسطین سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے اور وہاں کے لاکھوں شہری پانی، خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا فوری تدارک ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس پر اسرائیل کی کوئی خودمختاری تسلیم نہیں کی جا سکتی اور وہاں کیے جانے والے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے منافی ہیں۔نائب وزیراعظم نے مسجد اقصیٰ میں انتہا پسند اسرائیلی عناصر کی دراندازی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات کے تقدس کی پامالی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری ایسے اقدامات کا نوٹس لے اور انہیں روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔انہوں نے کہا ہے فلسطین کی آزادی کے لیے عرب اور مسلم ممالک متحد ہوں۔