مسلح افواج اور عوام کے اُس عزم و حوصلے کو سراہتا ہوں جنہوں نے مل کر ہماری خودمختاری کا دفاع کیا:نائب وزیراعظم کا یوم آزادی پر پیغام
اسلام آباد (یواین پی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے مسلح افواج اور عوام کے اُس عزم و حوصلے کو سراہتا ہوں جنہوں نے مل کر ہماری خودمختاری کا دفاع کیا، قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق، پاکستان باہمی احترام، علاقائی سکون اور امن پر مبنی سفارتکاری کے اپنے عزم پر قائم ہے۔آج ہم یہ عہد دہراتے ہیں کہ پاکستان کے عالمی وقار کو مزید بلند کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ میں پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ہم سب کے آبائو اجداد کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جن کی لازوال قربانیوں اور حق کی راہ میں ثابت قدمی سے پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا میں اس عزم کو دہراتا ہوں جب تک ہم ''لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ'' کے پرچم تلے متحد ہیں کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی،انہوں نے کہا کہ حالیہ آزمائشوں کے پس منظر میں میں اپنی مسلح افواج اور عوام کے اُس عزم و حوصلے کو سراہتا ہوں جنہوں نے مل کر ہماری خودمختاری کا دفاع کیا۔ یہ اجتماعی ثابت قدمی نہ صرف ہماری عسکری تیاری کا مظہر ہے بلکہ ایک اصولی اور موثر خارجہ پالیسی کی عکاسی بھی کرتی ہے، جس نے پاکستان کو عالمی سطح پر وسیع حمایت دلائی۔