ن لیگ این اے 129 کے ضمنی الیکشن میں دھڑے بندی کا شکار، نواز شریف نے نوٹس لے لیا

ن لیگ این اے 129 کے ضمنی الیکشن میں دھڑے بندی کا شکار، نواز شریف نے نوٹس لے لیا

لاہور: این اے 129 کے ضمنی الیکشن کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) شدید دھڑے بندی کا شکار ہوگئی ہے، جس پر پارٹی سربراہ نواز شریف نے نوٹس لے لیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے دھڑے بندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی رہنما راشد نصراللہ کو تمام سیاسی دھڑوں کو متحد کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔اہم پارٹی رہنماؤں کے مطابق این اے 129 میں دھڑے بندی ضمنی الیکشن کے نتائج پر براہِ راست اثر انداز ہوسکتی ہے۔ اس حلقے میں مسلم لیگ ن مجموعی طور پر چار گروپوں میں تقسیم ہے جو ایک دوسرے کے سامنے ہیں۔ ان دھڑوں کی سرپرستی حافظ میاں محمد نعمان، رانا مشہود احمد خان، مہر اشتیاق احمد اور چودھری باقر حسین کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق راشد نصراللہ حلقے کے تمام دھڑوں سے ملاقاتیں کریں گے اور ان کے تحفظات کو دور کرکے پارٹی کو متحد کرنے کی کوشش کریں گے۔

 اسی سلسلے میں انہوں نے سابق ٹکٹ ہولڈر چودھری باقر حسین کے ڈیرے پر پارٹی ٹکٹ حافظ میاں نعمان کے حوالے کیا۔پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دھڑے بندی کا اثر صرف این اے 129 تک محدود نہیں بلکہ پی پی 171 اور پی پی 172 میں بھی یونین کونسل کی سطح پر رہنما آمنے سامنے ہیں، جس سے انتخابی نتائج متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔