اتر پردیش: شادی کے چند گھنٹوں بعد دلہن کے ہاں بچی کی پیدائش

اتر پردیش: شادی کے چند گھنٹوں بعد دلہن کے ہاں بچی کی پیدائش

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع رامپور میں ایک حیران کن اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں شادی کے صرف 6 گھنٹے بعد دلہن نے ایک بچی کو جنم دے دیا۔

 واقعے نے نہ صرف اہلِ علاقہ بلکہ سوشل میڈیا صارفین کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اعظم نگر تھانہ کی حدود میں واقع گاؤں کمھریا اور بہادرگنج میں زیرِ بحث ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کمھریا گاؤں کے رہائشی ایک نوجوان کا رشتہ بہادرگنج کی ایک لڑکی سے تقریباً چھ ماہ قبل طے پایا تھا اور شادی ایک سال بعد ہونا تھی۔تاہم دو دن قبل لڑکی اچانک مرسینا پولیس چوکی پہنچی اور اپنے منگیتر سے فوری شادی کا مطالبہ کرنے لگی۔ پولیس نے پہلے تو اسے سمجھا بجھا کر گھر واپس بھیج دیا، لیکن اگلے دن وہ دوبارہ چوکی پہنچی اور شادی پر اصرار کیا۔صورتحال کے پیش نظر پولیس نے دونوں گاؤں کے پردھانوں اور فریقین کے اہلِ خانہ کو طلب کیا۔ باہمی مشاورت کے بعد معاملہ طے پایا اور ہفتے کی شام تقریباً 8 بجے دونوں خاندانوں کے درمیان سمجھوتہ ہو گیا۔ اس کے ایک گھنٹے بعد دولہا چند افراد کے ساتھ بہادرگنج پہنچا اور دلہن کو اپنے گھر لے آیا۔

رپورٹ کے مطابق سہاگ رات کے دوران رات تقریباً 12 بجے دلہن کو شدید درد شروع ہوا، جس پر گھر والے گھبرا گئے۔ فوری طور پر قریبی خاتون ڈاکٹر کو بلایا گیا، جنہوں نے ابتدائی معائنے کے بعد علاج شروع کیا۔ اتوار کی علی الصبح گھر میں نومولود بچی کے رونے کی آواز گونجی، جس سے سب حیران رہ گئے۔جب معلوم ہوا کہ دلہن نے بچی کو جنم دیا ہے تو خبر پورے گاؤں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ کچھ ہی دیر میں گھر کے باہر لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا۔ حیران کن طور پر دولہے نے نومولود بچی کو گود میں اٹھا کر مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔شادی کے محض چند گھنٹوں بعد بچے کی پیدائش کا یہ واقعہ اب پورے علاقے میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے اور لوگ اس غیر معمولی واقعے پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔