آر ایم پی سپیشلائزڈ کورس، 265 اہلکار وں کی ٹریننگ جاری

 لاہور (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب ویڑن کی تکمیل کے تحت پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں آر ایم پی سپیشلائزڈ ٹریننگ کورس جاری ہے، جس میں 265 اہلکار ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی خرم شکور نے ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس اسد سرفراز خان کے ہمراہ کالج کا دورہ کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی نے تربیت یافتہ اہلکاروں کا حوصلہ بڑھایا، مسائل سنے اور فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے بتایا کہ آر ایم پی کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے خصوصی آلات اور ساز و سامان مہیا کیا گیا ہے۔ 6 ہفتوں پر مشتمل کورس میں فورس کی فٹنس اور کارکردگی کا معیار برقرار رکھنے کیلئے سپیشل ڈرلز شامل کی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی اسد سرفراز نے کہا کہ دورِ حاضر کے لاء￿  اینڈ آرڈر چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے آر ایم پی اہلکاروں کو سپیشلائزڈ ٹریننگ دی جا رہی ہے تاکہ وہ ہر قسم کے چیلنجز کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔