شہید سب انسپکٹر مختار احمد کی برسی پر خراج تحسین

لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور سٹی پولیس کی جانب سے تمام شہداء   پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات کی روشنی میں ایس پی سٹی نے شہید سب انسپکٹر مختار احمد کی برسی پر قبر پر حاضری دی۔ ترجمان پولیس کے مطابق شہید مختار احمد نے سنگین ملزمان کی گرفتاری کے دوران 1988 میں جامِ شہادت نوش کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی پیش کی۔ ڈی ایس پی ملک مبشر اعوان، ایس ایچ او عاصم حمید نے بھی شہید کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ پڑھی اور فیملی سے ملاقات کے دوران خیریت دریافت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے والے شہداء   ہمارا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ شہداء   پولیس کی فیملیز کی ویلفیئر کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے۔