بیگم کوٹ میں 18 سالہ نوجوان عبداللہ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر زہریلی گولیاں کھا لیں
مزنگ ، کینٹ کچہری،مغلپورہ ، گڑھی شاہو اور نشتر کالونی سے نامعلوم افراد کی لاشیں ملیں
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں خودکشی سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے لاشیں مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ایدھی ترجمان کے مطابق شاہدرہ کے علاقے بیگم کوٹ میں 18 سالہ نوجوان عبداللہ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر زہریلی گولیاں کھا لیں، جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ دیگر واقعات میں مزنگ کے علاقے قرطبہ چوک کے قریب فٹ پاتھ کنارے 33 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ کینٹ کچہری، شمالی چھاؤنی سے 60 سالہ بزرگ شہری مردہ حالت میں پایا گیا۔ مغلپورہ نہر کنارے، گڑھی شاہو انڈیا پھاٹک اور نشتر کالونی یوحنا آباد سے بھی تین نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ تمام لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ایدھی رضاکاروں نے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کیا۔ پولیس نے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی۔