پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند،متعدد مقامات پرحفاظتی بند ٹوٹنے کی اطلاعات ،قریبی آبادیوں کو شدید خطرہ
تلونڈی،لاہور(خصوصی رپورٹ)بھارتی آبی جارحیت جاری، دریائے ستلج میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند۔ چھبر بند اورہیڈ گنڈا سنگھ والا کے اطراف میں بھی ہنگامی صورتحال،دوسری طرف پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 94 فیصد اور منگلا ڈیم 61 فیصد بھر چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے سیلابی پانی کے باعث پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہائو 33 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا جبکہ کیکر پوسٹ پر پانی کی سطح 17 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے،سیلابی ریلے کا پانی ملحقہ کھیتوں میں داخل ہو چکا متعدد مقامات پرحفاظتی بند ٹوٹنے کی اطلاعات ہیں۔ چھبر بند، ہرچوکی، کوٹھی فتح محمد، اطہر سنگھ اور شہباز کے علاقوں میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوچکی ، جس سے قریبی آبادیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔دوسری جانب بھکی ونڈ اور ولے والا گائوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا ہے جبکہ تلوار پوسٹ پر ہنگامی کیمپ قائم کر کے ریسکیو کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، عوام کو نشیبی علاقوں سے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ادھر پی ڈی ایم اے کی جاری رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کا موجودہ لیول 1544.00 فٹ جبکہ زیادہ سے زیادہ حد 1550.00 فٹ ہے،منگلا ڈیم کا موجودہ لیول 1203.25 جبکہ زیادہ زیادہ حد 1242.00 فٹ ہے۔دریائے سندھ میں تربیلا پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،دریائے چناب، جہلم اور راوی میں بہائو معمول کے مطابق ہے۔