بھارت کی پھر آبی جارحیت ، دریائے چناب میں مسلسل کمی ، ہیڈ مرالہ پر 2روز میں 83 ہزار سے 6 ہزارکیوسک رہ گیا

بھارت نے چند روز قبل آبی جارحیت کرتے ہوئے اچانک بھاری مقدار میں پانی دریا میں چھوڑا ،ہیڈ مرالہ پرعام طور پر 24 سے 25 ہزار کیوسک پانی آتا ہے 
پانی روکے جانے کے بعد سے نہر مرالہ راوی لنک کو فراہمی بند کردی گئی ، دریائے جموں توی میں 1649 کیوسک اور مناورتوی میں صرف 934کیوسک پانی کی آمد 

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)بھارت نے پھر آبی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک لیا ،جس سے پانی کی سطح مسلسل کم ہورہی ہے ،ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 6ہزار 326کیوسک ریکارڈکی گئی جبکہ دو مئی کو ہیڈ مرالہ کے مقام پر 83ہزار 372کیوسک پانی ریکارڈ کیاگیاتھا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی طرف سے پانی روکے جانے پرمسلسل دو روز سے دریائے چناب میں پانی کے بہاوٓ میں شدید کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔بھارت نے چند روز قبل بھاری مقدار میں پانی دریا میں چھوڑا جس پر ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 87ہزار2سو82ریکارڈ کی گئی تھی حالانکہ ہیڈ مرالہ پرعام طور پر 24 سے 25 ہزار کیوسک پانی آتا ہے ،بعدازاں پانی کی بندش کے بعد دریا کی سطح مسلسل کم ہونے لگی اتوار کے روز دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد6326 کیوسک ریکارڈ کی جارہی ہے،دریائے جموں توی میں 1649 کیوسک اور مناورتوی میں 934کیوسک پانی کی آمد ریکارڈ کی جارہی ہے،پانی کے بہاوٓ میں کمی کے باعث نہر مرالہ راوی لنک کو پانی کی فراہمی بند کردی گئی ہے ۔ قبل ازیں دو مئی کو بھارت کی ہیڈ مرالہ کے مقام پر 83ہزار 372کیوسک پانی ریکارڈ کیا جارہا تھا جس کے باعث ہیڈ خانکی کو پانی 69ہزار 329 کیوسک پانی فراہم کیا گیا۔ دریائے چناب میں 74ہزار 366کیوسک،دریائے جموں توی میں 5104کیوسک پانی، دریائے مناور توی میں 3902کیوسک پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی تھی اور نہر اپر چناب کو 8300 کیوسک پانی، نہر مرالہ راوی لنک کو 4300کیوسک پانی فراہم کیا گیا۔ تین مئی کو ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 34 ہزار 188کیوسک ریکارڈکی گئی تھی جبکہ ہیڈ خانکی کیلئے پانی کا اخراج 24ہزار 988کیوسک تھا۔ دریائے چناب میں پانی کی آمد 28ہزار 82کیوسک،دریائے جموں توی میں 3808 کیوسک، دریائے مناور توی میں 2298کیوسک پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی جبکہ نہر اپر چناب کو 9 ہزار کیوسک اور نہر مرالہ راوی لنک کو 5000 کیوسک پانی فراہم کیاگیا۔