راولپنڈی میں موٹر سائیکل پارکنگ کے تنازع پر ٹریفک وارڈن کی شہری سے بدسلوکی، ویڈیو وائرل

راولپنڈی میں موٹر سائیکل پارکنگ کے تنازع پر ٹریفک وارڈن کی شہری سے بدسلوکی، ویڈیو وائرل

راجا بازار میں موٹر سائیکل پارکنگ کے معاملے پر پیش آنے والے واقعے نے شہریوں اور حکام دونوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

 ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹریفک وارڈن نے ایک شہری سے بدسلوکی کی اور اس کے ساتھ نا مناسب سلوک کیا۔واقعات کے مطابق، شہری نے موٹر سائیکل پارک کرنے کے لیے خاطر خواہ جگہ طلب کی، مگر وارڈن نے اس سے سخت زبان میں بات کی اور پھر گریبان پکڑ کر زبردستی زدو کوب کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران، وارڈن کے ساتھ کچھ سادہ لباس میں افراد بھی موجود تھے، جو شہری کے ساتھ بدسلوکی میں شریک نظر آتے ہیں۔مزید برآں، ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ وارڈن شہری کو برے انداز میں گھٹنوں کے بل زمین پر بیٹھنے پر مجبور کرتا ہے، اور جب شہری اپنی ویڈیو بنا رہا ہوتا ہے، تو وارڈن اسے روکتے ہوئے اس کی موبائل چھیننے کی کوشش بھی کرتا ہے۔

اس واقعے کے بعد، سی ٹی او راولپنڈی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹریفک وارڈن کو معطل کرنے اور انکوائری کا حکم دیا ہے۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری سے ناروا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا، اور واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔اس سے قبل بھی راولپنڈی میں ٹریفک وارڈنز کی جانب سے شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن میں مری روڈ پر فورک لفٹر سے شہری کے گتھم گتھا ہونے کا واقعہ بھی شامل ہے۔