خواتین گھروں تک محدود نہ رہیں، ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں: گورنر پنجاب

 سیاست، تجارت اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے: سردار سلیم حیدر خان

لاہور (زیڈ این این) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی پڑھی لکھی خواتین کو صرف گھروں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے یہ بات وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گجرات کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت صدر چیمبر صائمہ سرفراز اور تاجر رہنما وقار ایوب بٹ نے کی۔ ملاقات میں ملکی معیشت، کاروبار اور خواتین کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر نے کہا کہ سیاست، تجارت اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکل کر ملک کی معیشت میں بھرپور حصہ ڈالیں۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کی ترقی کو ترجیح دی ہے اور اپنے دورِ حکومت میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کیے۔انہوں نے زور دیا کہ خواتین کی ہراسمنٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور حکومت خواتین کو باعزت، محفوظ اور معاشی  خود مختاری کی حامل حیثیت دلانے کے لیے کوشاں ہے۔ گورنر نے محترمہ فاطمہ جناح اور بینظیر بھٹو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین کا کردار انتہائی اہم رہا ہے، آج کی خواتین بھی ان کے نقش قدم پر چلیں۔ مزید کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی  ہدایت پر گورنر ہاؤس کے دروازے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر وقت کھلے ہیں، اور وہ خود بھی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔