پاکستانی مہمان نوازی دنیا بھر میں مشہور ، حکومتی اقدامات سیاحت کے فروغ کے لیے قابل ستائش
بزنس کمیونٹی کو بھی خراج تحسین جو ملکی ترقی میں تعمیری کردار ادا کر رہی ہے،سردار سلیم حیدر خان کاخطاب
لاہور(زیڈ این این)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ سیاحت کا فروغ پاکستان کا دنیا بھر میں مثبت تصور اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی حسن سے نوازا ہے اور ملک بھر میں جنت نظیر مقامات موجود ہیں جو دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ گورنر پنجاب نے فوڈ اور ٹورازم کے آپس میں گہرے تعلق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معیاری فوڈ سیاحت کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ پاکستانی مہمان نوازی دنیا بھر میں مشہور ہے اور حکومتی اقدامات سیاحت کے فروغ کے لیے قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو ملکی ترقی میں تعمیری کردار ادا کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کاروباری طبقے کو ریلیف دینے کے لیے سستی بجلی کے اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مثبت سوچ اور کام کرنے کی نیت ہی ترقی کی ضمانت ہے۔