جنرل ہسپتال:ادویات چوری میں ملوث ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)جنرل ہسپتال انتظامیہ نے سرکاری ادویات چوری میں ملوث فارمیسی ٹیکنیشن کو ساتھیوں سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کروا دیا۔ تھانہ کوٹ لکھپت پولیس نے ڈی ایم ایس ایمرجنسی ڈاکٹر شاہد کی درخواست پر ارسلان، رمضان، فیضان فاروق اور بلال کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال میں دستیاب ادویات کا شفاف آڈٹ کرانے کا حکم جاری کردیا تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو فوری بے نقاب کیا جا سکے۔ایم ایس جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا کہ تحقیقات میں مزید افراد کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے تو ان کیخلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔