گھی ، کوکنگ آئل 150 روپے کلو تک مہنگا
پام آئل نرخ میں یکم مارچ سے8 سے 12 فیصد تک اضافہ،مرغی کا گوشت 780، چھوٹا 2700، بڑا 1700، گھی 600، باسمتی چاول 380، دال چنا 300، ماش 480، چینی 180، مرچ 800، پیاز 120، ٹماٹر 110، بھنڈی 300، کینو، سیب 500روپے فروخت
لاہور ،اسلام آباد (کرائم رپورٹر،بیورو رپورٹ)گھی ، کوکنگ آئل 150 روپے کلو تک مہنگا،کھلا دودھ 250روپے لیٹر ، ایل پی جی 550 روپے کلو تک پہنچ گئی ،عالمی مارکیٹ میں پام آئل اور پٹرولیم قیمتوں میں تیزی کے اثرات مقامی مارکیٹ میں ہر چیز تک پہنچنے لگے ، گھی کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اپریل کے پہلے ہفتے میں ابتک گھی کا نرخ 15 روپے بڑھ گیا۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں سولہ کلو گھی کا کنستر اڑھائی سو روپے مہنگاہو گیا۔ مختلف برانڈز کا سولہ کلو گھی کاکنستر اس وقت 7450 سے 7600 روپے تک فروخت ہو رہاہے۔ مارچ سے اپریل کے پہلے ہفتے تک گھی کے کنستر کی قیمت میں پانچ سو تک اضافہ ہو چکا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں پام آئل نرخ میں یکم مارچ سے8 سے 12 فیصد تک اضافہ ریکارڈ ہوا جس سے پام آئل 100 ڈالر مہنگا ہو کر 1150 ڈالر فی ٹن ہو چکا ہے جسکا براہ راست اثر پاکستان سمیت دیگر ممالک میں گھی و خوردنی تیل کی قیمتوں پر پڑ رہا ہے اور اب پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کاکہناہے کہ گھی اور تیل کی قیمتوں میں 100سے 150روپے کلو تک اضافے کا امکان ہے۔پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے ملزکی ٹرانسپورٹیشن اور پروڈکشن لاگت میں ناقابل برداشت اضافہ ہوا ہے۔ دوسری طرف مرغی کا گوشت 780 روپے، چھوٹا گوشت 2700، بڑا گوشت 1700، اعلیٰ کوالٹی گھی 600، باسمتی چاول 380، دال چنا 300، دال ماش 480، دال مسور 340، سفید چنے 380، چینی 180، شکر 280، گڑ 260اور سرخ مرچ 800 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ سلنڈر گیس کی قیمت 550 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ تازہ کھلا دودھ 20 روپے مہنگا ہوکر 250 روپے لیٹر، کھلا دہی 260 روپے کلو کر دیا گیا۔ موسمی پھل اور سبزیاں بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔ پیاز 120، ٹماٹر 110، آلو 40، مٹر 150، سبز مرچ 120، بھنڈی 300، کدو 120، ٹینڈا 140، ادرک 500، لہسن چائنا 700، دیسی لہسن 200 اور تربوز 120 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ کینو 500 روپے، کیلے 250 روپے درجن، امرود 200 روپے، سٹرابیری درجہ اول 400 روپے، سیب ایرانی 500 روپے، سفید سیب 400 روپے اور خربوزہ 200 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔