سرکاری ریٹ 279 روپے 34 پیسے کلو مقرر ہے لاہور میں 550 سے 600 سے روپے کلو میں فروخت

ایل پی جی مافیا کو لگام ڈالنے کی تیاری
 سردی شروع ہونے سے قبل ہی لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی مافیا لے لگام،قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرنے میں مصروف ،ایرانی بائوزرز کو پاکستان آنے کی اجازت،سپلائی بہتر ہو جائے گی ، فی کلو قیمت میں 50 روپے تک کمی متوقع
لاہور ،کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک )ایل پی جی مافیا کو لگام ڈالنے کی تیاری کر لی گئی ایرانی ایل پی جی بائوزرز کو پاکستان آنے کی اجازت مل گئی ، کنوینئر ایف پی سی سی آئی ایل پی جی سٹینڈنگ کمیٹی علی حیدر کے مطابق 16 اکتوبر تک لوڈ کئے گئے تقریباً 900 بائوزرز کی آمد سے ایل پی جی کی سپلائی بہتر ہو جائے گی جس کے بعد آئندہ 24 گھنٹوں میں ایل پی جی قیمتوں میں فوری کمی شروع ہو جائے گی،دوسری طرف سردی شروع ہونے سے قبل ہی لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی مافیا قیمتوں میں مسلسل خودساختہ اضافہ کرنے میں مصروف ہے ،اوگرا اور دیگر متعلقہ ادارے قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں ، اوگرا نے رواں ماہ ایل پی جی کی قیمت 279 روپے 34 پیسے فی کلو مقرر کر رکھی ہے تاہم لاہور میں 550 سے 600 روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔ دوسری طرف شہریوں نے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے مافیا کے خلاف جلد از جلد کریک ڈائون کیا جائے۔