چینی کی نئی قیمت140روپے کلو، 800گرام پتی1350روپے تک ہوگئی
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک)یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے چینی کی قیمت میں 13 روپے کلو اور چائے کی پتی 250 روپے تک سستی کردی۔نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 140روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جس کا فوری اطلاق کر دیا گیا ،اس سے قبل یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 153روپے فی کلو مقرر تھی۔یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے شوگر ملز سے چینی کی قیمت کم کرنے کی درخواست کی تھی، شوگر ملز مالکان نے فروخت کی گئی چینی پر یوٹیلیٹی سٹورز کو 17روپے فی کلو کمی کی۔شوگر ملز مالکان سے ری بیٹ لینے کے بعد یوٹیلیٹی سٹورز نے چینی سستی کی، یوٹیلیٹی سٹورز نے 12 ہزار میٹرک ٹن چینی کی خریداری کی تھی۔دوسری جانب مختلف برانڈز کی چائے کی پتی کے 800 گرام کے پیک کی نئی قیمت 1350 سے لے کر 1721روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ چائے کی پتی کے 430 گرام والے پیک کی قیمت میں 130 سے لے کر 190روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 700 سے لے کر 908 روپے مقرر کی گئی ہے۔