محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ملک میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے جس کے تحت وہ اپنے رسم و رواج کے مطابق زندگی بسر کر سکتے ہیں
اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایسٹر 2026 کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور ملک بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایسٹر محبت، امید اور امن کا عالمگیر پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ مذہبی تہوار بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہوتے ہیں۔ ایسٹر ہمیں قربانی، درگزر اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے، جو ایک پرامن اور متوازن معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر اقدار ہیں۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ تمام مذاہب امن، برداشت اور رواداری کا پیغام دیتے ہیں، اور پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ آئینی اور قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان تمام شہریوں کو بلاامتیاز مساوی مواقع اور حقوق کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ملک میں بسنے والی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے جس کے تحت وہ اپنے رسم و رواج کے مطابق زندگی بسر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، یگانگت اور باہمی احترام ہی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔اسپیکر نے اس موقع پر پوری قوم پر زور دیا کہ وہ ایسٹر کے موقع پر باہمی محبت، ہم آہنگی اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے، اور مل کر ایک پرامن، خوشحال اور ہم آہنگ معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ملکی و عالمی سطح پر امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔