پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں ، اسپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دیوالی کے موقع پر ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز اور پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ دیوالی امن، محبت اور روشنیوں کا تہوار ہے جو سب کو امید اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور پارلیمنٹ ملک میں بسنے والے تمام اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے ضروری ہیں، اور پاکستان کا آئین اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے