فخر ہے پنجاب پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کا مرکز ہے،حکومت جلد’’مینارٹی کارڈ‘‘کا اجرا کر رہی ہے:وزیراعلی‘مسیحی برادری کو مبارکباد
پاکستان کی ترقی اور استحکام اسی وقت ممکن ہے جب ہم قائداعظم کے افکار کو اپنے قومی کردار کا حصہ بنائیں:وزیراعلی کا یوم ولادت پر پیغام
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرسمَس پر کرسچین برادری اور دنیا بھر کے مسیحی برادری کے لئے خوشیوں اور محبتوں کا پیغام دیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور کہا آپ کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہوں۔ کرسمس امن، محبت اور خدمت کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان کی مسیحی برادری نے ہمیشہ ملک کی ترقی، تعلیم، صحت، اور دیگر شعبوں میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ اقلیتی برادری کی قربانیوں اور محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور بھرپور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ حکومت پنجاب تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ فخر ہے پنجاب پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کا مرکز ہے۔ اقلیتوں کے تحفظ اور بہتر زندگی کے لئے پرعزم ہیں، یہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے‘ حکومت پنجاب بہت جلد’’مینارٹی کارڈ‘‘کا اجرا کر رہی ہے۔ مینارٹی کارڈ سے نادار اقلیتی بہن بھائیوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا قائداعظم کے وژن کے مطابق ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں ہر مذہب اور ہر برادری کو مساوی حقوق اور تحفظ حاصل ہو۔ محبت، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضاء ہی ہمارے ملک کی اصل طاقت ہے۔دریں اثناء قائد اعظم کے یوم ولادت پر پیغام میں وزیر اعلیٰ نوازشریف نے کہا محمد علی جناح ؒکی بے مثال قیادت، غیر متزلزل عزم اور انتھک محنت کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ قائداعظم ایک ایسا نظریہ ہے جو اتحاد، ایمان اور تنظیم کی بنیاد پر ایک عظیم قوم کی تشکیل کا سبق دیتا ہے۔ قائداعظم کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ہر شہری کو مساوات، انصاف اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔محمد علی جناحؒ کا پاکستان امن، محبت اور ترقی کی علامت تھا۔انہوں نے کہا کہ تمام توانائیاں اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے وقف کی ہیں