مغربی کنارے میں فلسطینیوں کا تحفظ اسرائیل کی ذمہ داری ہے، امریکی سفیر

مغربی کنارے میں فلسطینیوں کا تحفظ اسرائیل کی ذمہ داری ہے، امریکی سفیر

امریکی سفیر برائے اسرائیل مائیک ہکابی نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں میں اضافے کے بعد فلسطینیوں کی حفاظت یقینی بنانا اسرائیلی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

فلسطینی علاقوں میں امریکی شہریوں سے ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہکابی نے کہا کہ فلسطینی برادریوں کے افراد کو بھی تحفظ اور سلامتی کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ حق یقینی بنائے۔غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق سوال پر امریکی سفیر نے کہا کہ اسرائیل کا ایسا کوئی منصوبہ نہیں کہ غزہ کے لوگوں کو ان کی مرضی کے خلاف بے دخل کیا جائے۔مغربی کنارے میں جاری تشدد روکنے کے لیے سخت اقدامات پر زور دیتے ہوئے مائیک ہکابی نے کہا کہ جرم، جرم ہے اور دہشت گردی، دہشت گردی ہے، اس لیے ایسے اقدامات میں ملوث افراد کو سخت نتائج کا سامنا کرنا چاہیے۔امریکی سفیر نے مغربی کنارے کے شہر ترمس عیا کا بھی دورہ کیا، جہاں بڑی تعداد میں امریکی شہری مقیم ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے اسرائیل پر براہِ راست تنقید سے گریز کیا۔