سابق مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ "سسٹم فیل ہونے" کا بیان وفاقی حکومت کی ناکامی کا کھلا اعتراف ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ محسن نقوی کا مؤقف وفاقی حکومت کی کارکردگی کے خلاف ایک جامع چارج شیٹ ہے۔ ان کے بقول اگر نوجوانوں کی محرومیوں کا بروقت ازالہ نہ کیا گیا تو احتجاج پارلیمنٹ اور عدالت جیسے اداروں کا متبادل بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے غم و غصے کو کم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ اگر نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی اصلاحات سے نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے تو ان پر فوری عملدرآمد ہونا چاہیے، کیونکہ گورننس میں بہتری ہی عوام کا اعتماد بحال کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔