پاکستان کی ترقی نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے بغیر ممکن نہیں، مصطفیٰ کمال

پاکستان کی ترقی نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے بغیر ممکن نہیں، مصطفیٰ کمال

کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور عوامی مسائل حل کرنے کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ضروری ہے۔

 ان کے مطابق اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ ہونے اور خراب گورننس کے باعث ملک کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری فارما ایشیا انٹرنیشنل 2026 نمائش کے اختتامی روز وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے مختلف کمپنیوں کے اسٹالز کا دورہ کیا اور تقریب سے خطاب کیا۔انہوں نے نمائش کے انعقاد اور بین الاقوامی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو پاکستان لانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں اس نوعیت کے ایونٹس کا انعقاد قابلِ تحسین ہے۔ انتظامیہ اور منتظمین مبارک باد کے مستحق ہیں، کیونکہ ایسے اقدامات سے کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوتا ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک نے اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے ترقی کی ہے اور پاکستان بھی اسی راستے پر آگے بڑھ سکتا ہے۔ ان کے بقول مستقبل میں ایسا وقت آنا چاہیے جب ملک کے مختلف شہروں میں بیک وقت بین الاقوامی نمائشیں منعقد ہوں۔

اختیارات کی عدم منتقلی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، وفاقی وزیر
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان کے بہت سے مسائل کی بنیادی وجہ ناقص طرزِ حکمرانی اور اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل نہ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو دستیاب وسائل میں سے صرف 3 فیصد ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وسائل اور اختیارات کی منصفانہ تقسیم کے بغیر شہری مسائل حل نہیں ہو سکتے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آنے والے دنوں میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی ضرورت مزید واضح ہوگی اور ان کے ذریعے انتظامی مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹس کا قیام کسی ایک سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ پاکستان کی مجموعی ترقی سے متعلق معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پہلے سے زیادہ مسائل پر بات کر رہی ہے اور پارٹی آئندہ بھی عوامی معاملات کو اجاگر کرتی رہے گی۔

چند خاندانوں کو فائدہ، باقی ملک مشکلات کا شکار ہے، مصطفیٰ کمال
مصطفیٰ کمال نے ملک کی معاشی اور انتظامی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام سے چند درجن خاندانوں کو فائدہ پہنچا، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں عوام مختلف مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کراچی کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو ترقی دینے اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اختیارات اور وسائل کی مناسب تقسیم ناگزیر ہے۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامی ڈھانچے میں بہتری لائے بغیر عوام کو درپیش مسائل کا پائیدار حل ممکن نہیں۔

ویکسین کی خریداری میں بے قاعدگیوں کی رپورٹس سامنے آئیں، مصطفیٰ کمال
ویکسین سے متعلق معاملات پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ویکسین کی خریداری میں بے قاعدگیوں سے متعلق رپورٹس سامنے آئی ہیں اور اس معاملے کی وضاحت عدالت میں پیش کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ویکسین کی فراہمی کے سلسلے میں چین سے بھی رابطہ کیا گیا تھا، جبکہ تقریباً دو ماہ قبل ملین ڈالر مالیت کے معاہدے کیے گئے تھے۔ ان کے مطابق ملک میں پہلی ویکسین پالیسی بھی متعارف کرائی گئی تھی۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ارکان کی تعداد کم ہونے کے باوجود پارٹی مختلف قومی اور عوامی مسائل پر آواز اٹھاتی رہی ہے اور آئندہ بھی اپنا مؤقف پیش کرتی رہے گی۔