امریکا کا خارگ جزیرے کے قریب ایرانی ٹینکر پر حملہ

امریکا کا خارگ جزیرے کے قریب ایرانی ٹینکر پر حملہ

ایران کے جزیرہ خارگ کے قریب امریکی افواج نے ایک ایرانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ علاقے میں متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق حملے کی نوعیت، اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصان یا ممکنہ جانی نقصان سے متعلق فوری طور پر مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ امریکی حکام کی جانب سے بھی تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔جزیرہ خارگ ایران کے اہم ترین تیل برآمدی مراکز میں شمار ہوتا ہے اور ملک کے خام تیل کی ترسیل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ حالیہ دنوں میں بھی یہ علاقہ امریکی حملوں کی زد میں رہا ہے، جن میں جنوبی ایران کے ساتھ متعدد فضائی دفاعی نظام، ریڈار تنصیبات اور سمندری اثاثوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں میں خام تیل جمع ہونے کے باعث ایران کی تیل برآمد کرنے کی لائف لائن منقطع کی جا رہی ہے۔اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق ناکہ بندی دوبارہ نافذ ہونے کے بعد سے ایرانی تیل کی کوئی کھیپ آبنائے ہرمز عبور کرکے چین نہیں پہنچی۔ادھر ایران نے بھی عندیہ دیا ہے کہ اگر اسے خطرہ محسوس ہوا تو وہ پیشگی کارروائی کر سکتا ہے، جس سے خطے میں مزید فوجی کشیدگی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔