ایران نے اپنے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ آئل ٹرمینل پر کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے سے خبردار کیا ہے۔
ایرانی افواج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی نے ایک بیان میں کہا کہ اگر امریکا خارگ میں تیل تنصیبات کو کسی ملک کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے نشانہ بناتا ہے تو ایران اس کے جواب میں اسی ملک کی تیل و گیس تنصیبات کو ہدف بنائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی فوج جب بھی کسی معاملے پر وارننگ دیتی ہے تو اس پر عمل بھی کرتی ہے۔ ترجمان نے پڑوسی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی ملک نے امریکا کو خارگ جزیرے پر حملے کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے دی تو ایران کے ردعمل میں اس کے توانائی کے مراکز بھی نشانہ بن سکتے ہیں۔
بیان کے مطابق امریکا کے صدر نے ایک روز قبل ایران کے خارگ جزیرے پر ممکنہ حملے کا اشارہ دیا تھا۔یاد رہے کہ خارگ جزیرہ ایران کے ساحل سے تقریباً 15 ناٹیکل میل دور واقع ہے اور اسے ملک کا سب سے بڑا تیل برآمدی مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں سے ایران کی تقریباً 90 فیصد خام تیل کی برآمدات ہوتی ہیں۔