پٹرول کی قیمت میں بڑی کمی نہ کرنا عوام کے حق پر ڈاکا ہے ،حافظ نعیم الرحمن

 پٹرول کی قیمت میں بڑی کمی نہ کرنا عوام کے حق پر ڈاکا ہے ،حافظ نعیم الرحمن

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کے فیصلے کو عوام دشمن قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ردعمل میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں صرف ایک روپے 97 پیسے کی کمی کا اعلان افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں جنگ سے پہلے کی سطح کے مطابق تیل کی قیمتیں مقرر کی جائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا فیصلہ نہ صرف افسوسناک بلکہ شرمناک اور عوام دشمن ہے۔ ان کے بقول حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ کرکے عوام کے حق پر ڈاکا ڈال رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں اور نااہلی کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کرپشن کا اڈہ بن چکا ہے، جبکہ لیوی کے نام پر غریب اور متوسط طبقے سے بھتہ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اس صورتحال کو مزید برداشت نہیں کرے گی اور عوام کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے میدان میں آنا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔