بالی ووڈ کی مقبول فلم ’دل چاہتا ہے‘ کی ریلیز کو 25 برس مکمل ہوگئے۔
اس موقع پر فلم کی کاسٹ اور ٹیم نے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے دلچسپ واقعات یاد کیے، جن میں عامر خان کو ایک سین کے لیے حقیقت میں 17 تھپڑ مارے جانے کا انکشاف بھی شامل ہے۔فلم کے ہدایت کار فرحان اختر نے بتایا کہ ایک اہم منظر میں اکشے کھنہ کے کردار ’سد‘ کو عامر خان کے کردار ’آکاش‘ کو تھپڑ مارنا تھا، تاہم حیران کن طور پر اس منظر میں استعمال ہونے والے تھپڑ نقلی نہیں بلکہ حقیقی تھے۔عامر خان کے مطابق مختلف کیمرا اینگلز اور شاٹس کے لیے یہ منظر 17 مرتبہ فلمایا گیا اور ہر مرتبہ اکشے کھنہ نے انہیں حقیقت میں تھپڑ مارا۔فرحان اختر نے بتایا کہ ابتدا میں صرف وائیڈ شاٹ کے لیے حقیقی تھپڑ مارنے کا منصوبہ تھا، تاہم سین کے اثر کو دیکھتے ہوئے عامر خان نے خود باقی شاٹس میں بھی حقیقی تھپڑ کھانے پر اصرار کیا۔ ان کے مطابق اس سے عامر خان کو کردار کی جذباتی کیفیت برقرار رکھنے میں مدد مل رہی تھی۔
فرحان اختر کے مطابق شوٹنگ مکمل ہونے تک عامر خان کے چہرے کے ایک جانب سوجن آگئی تھی اور تھپڑ کے واضح نشانات بھی موجود تھے۔ہدایت کار نے ایک اور دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا کہ انہوں نے اکشے کھنہ کو ہدایت دی تھی کہ وہ طے شدہ لمحے سے کچھ پہلے عامر خان کو تھپڑ ماریں، تاکہ ان کے چہرے پر حیرت کا ردعمل زیادہ حقیقی محسوس ہو۔