چنیوٹ کی حوالات سے فرار خطرناک ملزم اوکاڑہ سے گرفتار

صدرگوگیرہ (خصوصی رپورٹ )چند سال قبل چنیوٹ کے تھانہ کی حوالات سے فرار ہونے والا خطرناک ملزم ضلع اوکاڑہ کے تاریخی قصبہ بنگلہ گوگیرہ کی قریبی آبادی رسول نگر َ سے گرفتار کرلیا گیا۔شاہد ماچھی متعدد سنگین مقدمات میں کئی اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھا۔چنیوٹ کے ایک تھانہ سے فرار ہونے کے بعد کئی سال ملزم روپوش رہا ،جس دوران پولیس نے متعدد بار اس کے آبائی گھر سمیت درجنوں مقامات پر چھاپے مارے ، تاہم وہ قابو نہ آسکا۔چند روز قبل ملزم شاہد نواحی بستی رسول نگر گھر آیا تو غالباً ضلع چنیوٹ پولیس نے اوکاڑہ پولیس کے ساتھ مل کر کامیاب ریڈ کیا ، اس دوران موٹر سائیکلوں پر سوار پولیس کی بھاری نفری نے پوری بستی کو چاروں طرف سے گھیرے میں لیتے ہوئے فرار کے تمام راستے بند کرنے کے بعد گھر گھر تلاشی شروع کر دی۔ اسی دوران سرکاری گاڑیوں پر پولیس اور ایلیٹ فورس کی مزید نفری بھی پہنچ گئی۔ملزم شاہد نے پولیس پہنچنے کی اطلاع ملنے پر دیگر گھروں میں چھپنے کی کوشش کی ،تاہم پولیس نے اسے ذاتی گھر سے 3گھر دور ایک گھر سے پکڑ لیا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کا منہ ڈھانپ کر پولیس اسے لیکر آنا فاناً نکل گئی۔