ذہنی دبائو نے آج ہر شخص کی صحت کو متاثر کر رکھا ہے:سینئر اداکارہ کی انسٹا گرام پر پوسٹ
کراچی (شوبز ڈیسک)معروف سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری ان دنوں اپنی بچپن کی دوست اور سینئر فنکارہ حمیرا ظہیر کی علالت کے باعث خاصی پریشان ہیں۔حال ہی میں بشریٰ انصاری نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے حمیرا ظہیر کی ناسازی طبیعت کی اطلاع دی تھی اور مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی۔اب بشریٰ انصاری نے حمیرا ظہیر کی صحت کے حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ حمیرا ظہیر بالکل خیریت سے تھیں، تاہم اچانک ان کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع ملی، جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو)منتقل کر دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ حمیرا ظہیر گزشتہ ایک ہفتے سے آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں، تاہم ان کی صحت میں تاحال کوئی بہتری نہیں آئی، میں روزانہ ان کی عیادت کے لیے ہسپتال جا رہی ہوں۔بشری انصاری نے مزید کہا کہ ذہنی دبائو نے آج ہر شخص کی صحت کو متاثر کر رکھا ہے، موجودہ حالات میں شدید ذہنی تنائو کے باعث انسان چند لمحوں میں بھی آئی سی یو تک پہنچ سکتا ہے۔آخر میں انہوں نے اپنے مداحوں اور چاہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ حمیرا ظہیر کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کریں۔