27 ستمبر کو صرف اسلام آباد نہیں پورا پاکستان بند کردیں گے:سہیل آفریدی

نوجوان عمران خان کی امید پر پورا اتریں، انقلاب سندھ کی دھرتی پر دستک دے چکا ہے‘27ستمبر ملک کی تاریخ اور تقدیر بدلنے کا دن ہوگا
 جن لوگوں نے عمران خان کو جیل  بھیجا وہ چاہتے ہیں  عمران خان  ڈیل کریں اور انہیں معاف کردیں :وزیراعلی کا جیکب آباد میں خطاب
جیکب آباد (آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے  27 ستمبر کو صرف اسلام آباد نہیں پورا پاکستان بند کریں گے،   یہ  ملک کی تاریخ اور تقدیر بدلنے کا دن ہوگا:نوجوان عمران خان کی امید پر پورا اتریں، انقلاب سندھ کی دھرتی پر دستک دے چکا ہے، جن لوگوں نے عمران خان کو جیل میں بھیجا وہ چاہتے ہیں کہ عمران خان ان سے ڈیل کریں اور انہیں معاف کردیں تاہم عمران خان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ وہ جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں اسٹریٹ موومنٹ کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں اور عوام سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے مزید کہا ہے کہ 27 ستمبر ملک کی تاریخ اور تقدیر بدلنے کا دن ہوگا صرف اسلام آباد نہیں بلکہ پورے پاکستان میں عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا، خیبرپختونخوا سے لاکھوں افراد اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے، جبکہ سندھ سمیت ملک کے دیگر صوبوں کے عوام بھی اپنے مستقبل اور پاکستان کے لیے باہر نکلیں، انہوں نے کہا کہ کشمور سے جیکب آباد کی حدود تک عوام کا جوش، جذبہ اور جنون قابل دید ہے انہیں محسوس ہورہا ہے کہ انقلاب سندھ کی دھرتی پر دستک دے چکا ہے، انہوں نے نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور نوجوان ہی ملک کی تقدیر بدلنے میں اپنا کردار ادا کریں گے ، سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں ان کے بقول عمران خان چاہتے ہیں کہ انہیں عدالتوں کے ذریعے انصاف ملے اور وہ قانونی راستے سے باہر آئیں تاہم موجودہ عدالتی نظام سے انصاف کی زیادہ امید نہیں رہی