عمران خان کے حکم کے بغیر نہ کسی کی بات سنوں گا اور نہ مانوں گا‘جب معصوم لوگ شہید ہونا شروع ہوگئے تو اب کہتے ہیں آپریشنز کریں گے
مانسہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ہزارہ ڈویژن کے لئے 200 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج اور مانسہرہ میں میڈیکل، نرسنگ کالجز جبکہ ٹراما سینٹر کے قیام کا بھی اعلان کردیا۔ مانسہرہ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا گذشتہ روز مولانا شیخ ادریس کو شہید کیا گیا، اس سے قبل بھی قیمتی لوگوں کو شہید کیا گیا، جب ہم دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرتے تھے تو کہا جاتا یہ جھوٹ بول رہے ہیں، جب معصوم لوگ شہید ہونا شروع ہوگئے تو اب کہتے ہیں آپریشنز کریں گے۔انہوں نے کہا بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے عمران خان کو پیغام بھیجا کہ میں بھی تیار ہوں اور قوم بھی تیار ہے ، حکم کریں تو پورا پاکستان بند کر دیں، میرا لیڈر عمران خان ہے میں اس کے ہر حکم کی تعمیل کروں گا۔ عمران خان کے حکم کے بغیر نہ کسی کی بات سنوں گا اور نہ مانوں گا،انہوں نے کہا عمران خان اور انکی اہلیہ کا ذاتی معالجین و فیملی کی موجودگی میں علاج نہیں کرایا جا رہا، جب سارے رستے بند کر دیئے جائیں ، دیوار سے لگایا جائے ، تو ہمارے پاس صرف احتجاج کا راستہ بچتا ہے۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دوسرے کی طاقت بن کر کندھے سے کندھا ملا کر انہیں شکست دینی ہے، ایلیٹ مافیا کبھی بھی نہیں چاہے گا مڈل کلاس آگے آئے