سرگودھا میں مزید 7 الیکٹرو بسیں فراہم کی جائیں گی‘پنجاب کے ہر حصے میں بلاتمیز و امتیاز ترقی نواز شریف کا ویژن ہے
عوام کی سہولت کیلئے تمام وسائل حاضر ہیں:سرگودھا کے ارکان اسمبلی سے گفتگو‘ مثالی گائو ں ستھرا پنجاب پروگرام کی مانیٹرنگ کی ہدایت
پنجاب وائلڈ لائف کے تحفظ اور فروغ کیلئے پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مثال بن رہا ہے:وزیراعلی کا وائلڈ لائف ڈے کے حوالے سے پیغام
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا میں مزید 7 الیکٹروبسیں مہیا کرنے کا اعلان کر دیا ۔وزیراعلی پنجاب سے سرگودھا کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور حسین، تیمور علی خان، سردار عاصم شیر میکن شامل تھے۔ارکان صوبائی اسمبلی نے سرگودھا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور ریکارڈ مدت میں تکمیل پر خراج تحسین پیش کیا اور سرگودھا میں الیکٹروبس کے آغاز پر وزیراعلی پنجاب سے اظہار تشکر کیا۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز شریف نے سرگودھا میں مزید 7 الیکٹرو بسیں مہیا کرنے کا اعلان کیا اور ارکان اسمبلی کو مثالی گائو ں ستھرا پنجاب پروگرام اور صاف پانی پراجیکٹ کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے کہا الیکٹرو بسوں پر عوام بالخصوص بچوں اور خواتین کو آرام دہ سفر کرتے دیکھ کر دلی اطمینان ہوتا ہے، سرگودھا سمیت ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا، عوام کی سہولت کیلئے تمام وسائل حاضر ہیں، پنجاب کے ہر ہر حصے میں بلاتمیز و امتیاز ترقی نواز شریف کا ویژن ہے۔دریں اثناء مریم نواز نے کہا ہے پنجاب وائلڈ لائف کے تحفظ اور فروغ کیلئے پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مثال بن رہا ہے۔وائلڈ لائف ڈے کے حوالے سے پیغام میں انہوں نے کہا نے کہا کہ پنجاب کو 50 ہزار پرندے ، 1020 جنگلی جانور ، 30 ریچھ ریسکیو کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے پنجاب میں 14700 چالان، 1050 ایف آئی آر رجسٹرڈ کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 104 ایریاز وائلڈ لائف پروٹیکٹڈ قرار اور 3 وائلڈ لائف ری ہبلیٹیشن سنٹر قائم کر دیئے گئے ہیں۔