پاکستان ٹینس ٹیم ڈیوس کپ کے لیے ترکی سے پیراگوئے روانہ

پاکستان ٹینس ٹیم ڈیوس کپ کے لیے ترکی سے پیراگوئے روانہ

پاکستان کی ڈیوس کپ ٹینس ٹیم آج ترکی سے پیراگوئے کے لیے روانہ ہوگی، جہاں 12 سے 14 ستمبر تک مقابلے شیڈول ہیں۔

 پاکستانی ٹیم نے اس سے قبل چار روز تک استنبول میں کلے کورٹ پر تربیتی کیمپ میں حصہ لیا۔پاکستان کی نمائندگی کریں گے: اعصام الحق، عقیل خان، مزمل مرتضیٰ، حزیفہ عبدالرحمان، میکائل شہباز اور علی بیگ۔ محمد حسیب اسلم نان پلیئنگ کپتان جبکہ چوہدری ضیاءالدین طفیل مینیجر اور محمد شاہد فزیو تھراپسٹ کے فرائض انجام دیں گے۔پاکستان اس وقت عالمی درجہ بندی میں 53ویں نمبر پر ہے جبکہ پیراگوئے کی رینکنگ 64 ہے۔ اس ٹائی کا فاتح ملک اگلے سال ورلڈ گروپ ٹو پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گا۔اعصام الحق نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ پاکستان میں کلے کورٹ کی کمی کی وجہ سے استنبول میں کیمپ لگایا گیا، اور ترکی اور پاکستان کے درمیان پلیئرز ڈیویلپمنٹ ایکسچینج پروگرام کے تحت ترکی کے کھلاڑی بھی پاکستان آئیں گے۔

اعصام الحق نے مزید کہا کہ فیڈریشن کے صدر بننے کے بعد وہ کھلاڑیوں کو زیادہ سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اب تک 21 وائلڈ کارڈز کے ذریعے مینز اور ویمنز کھلاڑیوں کو مختلف ٹورنامنٹس میں حصہ دلایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ 12 سال سے کم عمر ٹیم قازقستان میں انٹرکانٹینینٹل چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی، اور پاکستان میں ATP اور ITF ایونٹس کروانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ٹینس میں پرفارمنس کا گراف بلند کیا جا سکے اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے ذریعے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم ہوں۔