ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ، پیراگوئے نے جرمنی کو پنالٹیز پر شکست دے کر باہر کر دیا

ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ، پیراگوئے نے جرمنی کو پنالٹیز پر شکست دے کر باہر کر دیا

بوسٹن: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا، جہاں چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی کو پیراگوئے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-3 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

مقررہ اور اضافی وقت کے اختتام پر مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، جس کے بعد فاتح کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔جرمنی کی جانب سے کائی ہاورٹز اور نک وولٹیماڈے اپنی پنالٹیز گنوا بیٹھے، جنہیں پیراگوئے کے گول کیپر اورلینڈو گل نے شاندار انداز میں روک لیا۔ دوسری جانب پیراگوئے بھی ابتدا میں مواقع ضائع کرتا رہا، جہاں انتونیو سانابریا کی پنالٹی ہدف سے باہر چلی گئی جبکہ فابیان بالبوئینا کی کوشش کو 40 سالہ جرمن گول کیپر مینوئل نوئر نے ناکام بنا دیا۔تاہم سڈن ڈیتھ میں جرمنی کے جوناتھن تاہ کی پنالٹی کراس بار کے اوپر سے نکل گئی، جس کے بعد جوزے کینالے نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کرکے پیراگوئے کو یادگار فتح دلا دی۔اس سے قبل پہلے ہاف کے 42ویں منٹ میں جولیو اینسیسو نے ہیڈر کے ذریعے پیراگوئے کو برتری دلائی، جبکہ دوسرے ہاف میں فلوریان ورٹز کے عمدہ کراس پر کائی ہاورٹز نے ہیڈر کے ذریعے جرمنی کے لیے برابر کا گول کر دیا۔

اضافی وقت میں جرمنی نے ایک موقع پر فتح کا جشن بھی منانا شروع کر دیا تھا جب جوناتھن تاہ نے گیند جال میں پہنچائی، تاہم وی اے آر جائزے کے بعد والڈیمار اینٹن کی جانب سے گول کیپر پر فاؤل قرار دیتے ہوئے گول مسترد کر دیا گیا، جس پر خاصی بحث بھی چھڑ گئی۔اس تاریخی کامیابی کے بعد پیراگوئے نے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ فرانس یا سویڈن میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا، جبکہ جرمنی کا ورلڈ کپ سفر غیر متوقع انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔