کچے کے ڈاکو ئوں کا موٹروے پر دھاوا،3مسافر زخمی ، 10 اغوا

 مسلح افراد نے عظیم پور انٹرچینج پر فائرنگ کی، گاڑیوں کی لمبی قطاریں
انڈھڑ گینگ کیخلاف مقدمہ درج،کچہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری 
 لاہور ( کرائم رپورٹر)رات گئے کچے کے ڈاکو ئوں نے موٹروے ایم فائیو پر دھاوا بول دیا ، فائرنگ سے 3 مسافر زخمی ہوگئے ، ڈاکو 10افراد کو ا غوا کرکے لے گئے۔تفصیلات کے مطابق 25 مسلح افراد نے عظیم پور انٹرچینج کے قریب دھاوا بول دیا اور سندھ و پنجاب کی جانب جانے والی گاڑیوں پر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی۔ متعدد مسافر جان بچا کر گاڑیاں چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ واقعہ میں تلہ گنگ کا رہائشی قلب عباس، مریدکے کا فرخ عباس اور مردان کا زبیر شدید زخمی ہوئے، جنہیں شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ ڈاکو عمر فاروق، محمد عمران، عبدالمجید، علی حسن، منیر احمد، قمر پتافی، عنایت اللہ پتافی، علی حسن اور شوکت کو اسلحہ کی نوک پر اغوا کر کے کچہ کی طرف لے گئے۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور موٹروے پر ٹریفک معطل کر دی جس سے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق کچہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہے اور مغویوں کی بازیابی کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ تھانہ بھونگ پولیس نے انڈھڑ گینگ کے سرغنہ سمیت 25 ڈاکو ئوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔