کوچ کراچی سے کوئٹہ جا رہی تھی،قلات کے قریب نشانہ بنایا گیا،دوزخمیوں کی حالت تشویشناک
کراچی (خصوصی رپورٹ)قلات میں کراچی سے کوئٹہ جانیوالی مسافر کوچ پر دستی بم حملہ اور فائرنگ کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ قلات کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ کی گئی ہے، کوچ کراچی سے کوئٹہ جا رہی تھی، حملے میں 3 مسافر جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں دو مسافروں کی حالت تشویشناک ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ مسافر کوچ پر فائرنگ سے 3 مسافر شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔شاہد رند کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ کیو اسپتال قلات میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، سرچ آپریشن جاری ہے۔ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا تعاقب کر رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قلات میں مسافر کوچ پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی وحشیانہ عمل ہے۔