ترکی کے شہر زونگولڈک کے ساحلی علاقے اریگلی میں ایک نئی لگژری یاٹ، ڈولسے وینٹو، سمندر میں لانچ ہونے کے صرف 15 منٹ بعد ڈوب گئی۔
یہ 85 فٹ لمبا کروز یاٹ تقریباً 10 لاکھ ڈالر مالیت کا بتایا گیا ہے اور بلیک سی میں اتارا گیا تھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں عملے کو کشتی ڈوبنے کے بعد گھبراہٹ میں سمندر میں چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیوز میں یاٹ کے ڈیک پر موجود افراد بھاگتے ہوئے سمندر میں چھلانگ لگاتے ہوئے نظر آئے، اور ایک کلپ میں ایک شخص کشتی کے کنارے سے پانی میں کودتا بھی دکھائی دیتا ہے۔
ترک کوسٹ گارڈ اور بندرگاہ کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے یاٹ کے ڈوبنے کے مقام پر سیکیورٹی حصار قائم کیا اور اسے قابو میں رکھنے کی کوشش کی۔جہاز ساز کمپنی کے ترجمان میڈ یلماز نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ماہرین تکنیکی معائنہ کریں گے تاکہ معلوم ہو سکے کہ یاٹ کے ڈوبنے کی وجہ تعمیراتی خرابی، توازن کا مسئلہ، یا انسانی غلطی تھی۔