ابرار احمد کا راشد خان سے سیکھنے پر اظہارِ خوشی، سہ فریقی سیریز میں شاندار کارکردگی

ابرار احمد کا راشد خان سے سیکھنے پر اظہارِ خوشی، سہ فریقی سیریز میں شاندار کارکردگی

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے مسٹری اسپنر ابرار احمد نے سہ فریقی سیریز میں یو اے ای کے خلاف میچ جیتنے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانستان کے مایہ ناز اسپنر راشد خان بڑے کھلاڑی ہیں اور ان سے سیکھنے کا موقع ملنا فائدہ مند ہے۔

ابرار احمد نے بتایا کہ وہ اپنی گوگلی پر کام کر رہے ہیں اور اس حوالے سے راشد خان نے انہیں چند اہم مشورے دیے ہیں جن سے ان کی بولنگ میں مزید نکھار آئے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیم سے باہر بیٹھنے کے بعد اچھی کارکردگی دکھانے کی بھوک بڑھتی ہے اور یہی جذبہ انہیں میدان میں بہتر پرفارم کرنے پر مجبور کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پچ کی صورتحال کے مطابق بولنگ کرنا زیادہ کامیابی دلاتا ہے اور آج کے میچ میں انہوں نے یہی حکمتِ عملی اپنائی۔

سفیان مقیم کے ساتھ ٹیم میں شامل ہونے کے سوال پر ابرار احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم میں صائم ایوب اور آغا سلمان جیسے اچھے اسپنرز موجود ہیں، اس لیے اگر وہ یا سفیان کھیلتے ہیں تو اس سے ٹیم کی بیٹنگ لائن میں گہرائی (ڈیپتھ) بڑھ جاتی ہے۔آخر میں فخر زمان سے متعلق سوال پر ابرار احمد نے کہا کہ فخر زمان حقیقی معنوں میں میچ ونر ہیں، سب جانتے ہیں کہ جب وہ رنز بناتے ہیں تو پاکستان کے میچ جیتنے کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔