پشاور: پاک فوج اور ایف سی کے پی نارتھ کے زیر اہتمام یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پشاور کے مختلف اسکولوں اور مدارس میں ملی جوش و جذبے سے بھرپور تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
ان اداروں میں پشاور اسکول آف ایکسیلنس، بیکن ہاؤس پرائمری کیمپس اور مدرسہ دارالقراء شامل تھے۔تقاریب میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے خصوصی طور پر شرکت کی اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ پروگرام کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جس میں طلباء نے پاک فوج کے ہمراہ شرکت کی اور ملکی سلامتی کے لیے اجتماعی دعائیں کیں۔ مدرسہ دارالقراء کے طلباء نے قرآن خوانی اور نعت خوانی پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
بچوں نے ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے جن میں حب الوطنی اور تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر طلباء و طالبات نے وطن کے دفاع اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقاریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔